عوام کو بجلی اور گیس میسر نہیں لیکن انکی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے
Posted on January 11, 2014 By Majid Khan اسلام آباد
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے لگ رہا ہے کہ آنیوالے دنوں میں عوام کے سانس لینے اور دو وقت کی روٹی کھانے پر بھی ٹیکس عائد کر دیا جائیگا، (ن) کی حکومت نے انتخابات سے قبل دیئے جانیوالا اپنا منشور ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے اور اب صرف مراعات یافتہ طبقے کو سہولیات دینے کیلئے سکیمیں لائی جا رہی ہیں۔
جمعہ کے روز خواتین کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام کو بجلی اور گیس میسر نہیں لیکن انکی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے۔
بجلی کے بعد عوام پر گیس بم گرائے جانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سات ماہ میں اپناایک بھی ایسا کارنامہ نہیں بتا سکتی جس سے عوام کی زندگیوں میں کوئی سہولت آئی ہوالبتہ یہ ضرور ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے انتخابات سے قبل عوام کو سبز باغ دکھانے کیلئے جو منشور دیا تھا اسے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئے گی تو عوام کو زندگی کی تمام سہولیات انکی دہلیز پر مہیا ہوں گی۔ قانون صرف غریب کے لئے نہیں ہوگا بلکہ امراء پر بھی اس کا اطلاق کر کے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران اپنی ناقص کارکردگی کے باعث بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن عوام انکی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com