کراچی : دو دن بعد کچھ سی این جی اسٹیشن کھل گئے، مگر ٹرانسپورٹرز ہڑتال پر

 CNG Station

CNG Station

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں 48 گھنٹے کی بندش کے بعد کچھ سی این جی اسٹیشن کھل گئے ہیں، دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے طویل دورانیے کے لیے گیس کی بندش کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن کی بار بار بندش کے خلاف ٹرانسپورٹ مالکان غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کر رہے ہیں۔ ہڑتال کے باعث شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نا ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بس اسٹاپ پر صبح دفاتر اور اپنے کاموں کو جانے والوں کارش دیکھنے میں آیا۔ صبح سویرے سے سی این جی اسٹیشن کے باہر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، لیکن آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی حمایت کے بعد بعض سی این جی اسٹیشن بند ہیں۔

جبکہ کچھ سی این جی اسٹیشن کھلے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پیٹرولیم اینڈ سی این جی ڈیلرز اور اسٹیشنز اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔