کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ تنزلی پانے والے پولیس افسران کو فوری طور پر ترقیاں دی جائیں، رابطہ کمیٹی نے شہید چوہدری اسلم کی بے پناہ قربانیوں کے اعتراف میں ان کے بیٹوں کو پولیس میں پیشگی ملازمت دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہید چوہدری اسلم کے شہید گن مین اور ڈرائیور کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ کے بجائے کم از کم 50، 50 لاکھ روپے دیئے جائیں، ان کے لواحقین میں سے کسی ایک فرد کو پولیس میں ملازمت دی جائے۔
رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل ایک غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے جو چوہدری اسلم اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تحقیقات کرے، جن پولیس افسران کی تنزلی کی گئی تھی۔
انہیں فوری طور پر ترقیاں دی جائیں۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے پولیس کو جدید اسلحے اور آلات سے لیس کیا جائے اور ان کی تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافہ بھی کیا جائے۔