اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ چودھری محمد برجیس

لاہور : وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آقائے دو جہان حضرت محمد پوری انسانیت کے لیے باعث رحمت ہیں۔ اسلام کی تعلیمات کو عام کر کے ملک سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہِ ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالیں تا کہ دین اور دنیا دونوں سرخرو ہو سکیں۔ وہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نظام پور ننکانہ صاحب میں محفل میلاد میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ہم بحثیت مسلمان اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے کوششیں بروئے کار لاتے لیکن مسلمان خود ان تعلیمات سے دور ہو گئے ہیں جس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے ہے کہ ہمیں نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی طور پر بھی بہت سی مشکلات درپیش ہیں۔

چودھری برجیس طاہر نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل ومشکلات کہ پیش نظر آقائے دو جہان حضرت محمد کے میلاد کی محفلیں سجانے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

مسلم اُمہ کو مشکلات سے نکالنے کا واحد راستہ اتحاد ہے جب تک مسلمان اجتماعی کوششیں بروئے کار نہیں لاتے عالم اسلام کو بے چینی کے چُنگل سے نہیں نکال سکتے اور مسلم ممالک میں پھیلائی جانے والی دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر سکتے اس لیے عصر حاضر میں اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی زندگیاں احسن طریقے سے گزار سکتے ہیں۔