پیپلزپارٹی کی ایم کیوایم سے کوئی دشمنی نہیں ہمیں مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہیئں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

حیدرآباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی متحدہ قومی موومنٹ سے کوئی دشمنی نہیں، سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں تاہم ہمیں بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے مکمل انتظامات کئے تھے لیکن کچھ سیاسی جماعتوں نے اپنا آئینی حق استعمال کر کےعدالت سے رجوع کیا، عدالتی فیصلے کے بعد اب جنوری اور فروری میں سندھ میں بلدیاتی الیکشن ممکن نہیں، اب الیکشن کمیشن ہی بلدیاتی انتخابات کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم نے کئی بڑے دہشت گردوں کو گرفتار کیا، ان کی شہادت کے باوجود سندھ پپولیس دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور گزشتہ روز بھی 3 ملزمان مارے گئے ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ افسران فرائض کی انجام دہی کے دوران احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی رپورٹ کے مطابق چوہدری اسلم پر خودکش حملہ ہوا، اگر حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کرتی ہے تو سب سے پہلے طالبان کو ان کی کارروائیاں روکنے پر رضامند کرایا جائے تاکہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت نے تمام انتظامات کر رکھے ہیں، ہو سکتا ہے 12 ربیع الاول کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنا پڑے۔