ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں کئی برسوں تک بطور ولن راج کرنے والے عظیم فن کار امریش پوری کو دنیا سے رخصت ہوئے نو برس بیت گئے ہیں۔
بھارتی فلموں کے سب سے دہشت ناک ولن امریش پوری کی بی مثال اداکاری کا جادو آج بھی مداحوں کے دلوں میں گھر کئے ہوئے ہے۔ انیس سو بتیس میں جالندھر میں پیدا ہونے والے امریش پوری 1954 میں ہیرو بننے فلم انڈسٹری میں آئے لیکن ناکامی پر تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔ 40 سال کی عمر میں دوبارہ فلمی دنیا میں ولن کی حیثیت سے واپسی ہوئی جس کے بعد اس فن کار نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
ویسے تو انہوں نے رام لکھن، سوداگر، پھول اور کانٹے، کرن ارجن، کوئلہ، ودھاتا، ہیرو، دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور کئی دوسری فلموں میں ایک سے بڑھ کر ایک کردار نبھائے لیکن مسٹر انڈیا میں موگیمبو کا ناقابل فراموش کردار ان کے کیریئر کا عروج تھا۔
امریش پوری کو بے مثال اداکاری پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ 12 جنوری 2005 کو فلمی دنیا کا یہ نامور ستارہ ممبئی کے اسپتال میں دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے ایسے سفر پر روانہ ہو گیا جہاں سے کبھی کوئی واپس نہیں آتا۔