اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جڑواں شہروں کی پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران غیر ملکیوں سمیت 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے شکریال، سوہان، کرال، کھنہ پل اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس میں وفاقی پولیس کے 400 سے زائد اہلکاروں اور اینٹی ٹیرارسٹ اسکواڈ کے 50 کمانڈوز کے علاوہ 10 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور 5 ایس ڈی پی اوز نے حصہ لیا اس کے علاوہ راولپنڈی کے دو تھانوں صادق آباد اور ایئرپورٹ کے پولیس اہلکار بھی شریک تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران 10 مطلوب ملزمان سمیت 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جس میں سے 10 افغان شہری بھی شامل ہیں، مشتبہ افراد سے 2 پستول، منشیات،ایک وین اور 7 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔