چوہدری اسلم کی بم پروف گاڑی تفتیشی حکام کے لیے سوالیہ نشان بن گئی

vehicle

vehicle

کراچی (جیوڈیسک) شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کی بم پروف گاڑی تفتیشی حکام کے لیے اب تک سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔

تفتیشی حکام اس بات کی تحقیقات میں مصروف ہیں کہ چوہدری اسلم سے بم پروف گاڑی واقعی خراب تھی یا اسے واپس لیا گیا تھا، اگر خراب تھی تو کیا خرابی تھی اور اگر کسی کے حکم پر واپس لی گئی تو اس کے پیچھے کیا عوامل کار فرما تھے، حملے کے روز بتایا گیا تھا کہ چوہدری اسلم کے زیر استعمال بم پروف گاڑی میں کوئی خرابی تھی جس کی وجہ سے وہ مرمت کی غرض سے ورکشاپ گئی ہوئی ہے۔

حساس ادارے اس بات کی کھوج میں بھی مصروف ہیں کہ آخر گاڑی میں ایسی کیا خرابی تھی کہ جو 2 روز میں بھی ٹھیک نہیں ہو سکی اور چوہدری اسلم جیسے پولیس افسر جسے ہمہ وقت دھمکیوں کا سامنا تھا اسے بم پروف گاڑی کے بجائے بحالت مجبوری بلٹ پروف گاڑی استعمال کرنا پڑی، حساس اداروں کی تفتیش کا محور یہ پہلو بھی ہے کہ چوہدری اسلم سے بم پروف گاڑی اگر کسی کے حکم پر واپس لی گئی تو وہ شخصیت کون تھی؟ ذرائع نے بتایا کہ اگر بم پروف گاڑی کے حوالے سے ٹھوس معلومات سامنے آگئیں تو چوہدری اسلم شہید کے کیس میں اہم پیش رفت ممکن ہے۔