مصطفی آباد/للیانی کی خبریں 12/1/2014

مسعود احمد سمیت پانچ افراد کے قتل کا مقدمہ سرجا بھٹی گروپ کے 16 افراد کے خلاف درج
مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے) رہنما تحریک انصاف مسعود احمد سمیت پانچ افراد کے قتل کا مقدمہ سرجا بھٹی گروپ کے 16 افراد کے خلاف درج، وجہ تنازع ڈھائی ماہ قبل سرجا بھٹی اور اس کا بیٹا قتل ہو گیا تھا جس کا شبہ مسعود احمد بھٹی پر کیا جا رہا تھا۔ مسعود احمد بھٹی کے بھائی ناصر جاوید کے مطابق ہم بابر سرفراز، خالد بشیر، امیر علی، عمر فاروق،اعجاز احمد، محمود احمد، محمدعرفان، یعقوب، چوہدری ضیااللہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ دو گاڑیوں پر سوارلاہور میں مسعود احمد بھٹی کے گھر محفل میلاد کے لئے جا رہے تھے کہ جب ہم للیانی ٹول پلازہ کے قریب پہنچے تو ہمارا تعاقب کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار محمد ریاض، مقصود، معشوق، ارشد عرف بلی، راشد عرف شیدو، اشرف، اسلم، حمید پانڈوکی والا، انور سندھوپورے والا، صبح صادق چھ کس نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اچانک گاڑی کے سامنے آ کر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مسعود احمد بھٹی، ساتھی چوہدری ضیااللہ ایڈووکیٹ، یعقوب عرف صاحب، گن مین خالد اور بابرموقع ہی جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن تا حال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔مسعود احمد بھٹی کے بھتیجے عثما ن بھٹی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلی حکام ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
تحریک انصاف کے رہنما مسعود احمد بھٹی ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی قبرستان ستوکی میں سپردخاک کر دیا گیا
مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی) پانچ ساتھیوں سمیت قتل ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما مسعود احمد بھٹی ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی قبرستان ستوکی میں سپردخاک کر دیا گیا،جنازہ میںڈی آئی جی رانا اسلم،سابقہ ضلعی ناظم قصور رانا امتیاز ، ناصر باوجوہ ڈی ایس پی ، تحریک انصاف کے رہنمائوں خورشید محمود قصور، اعجاز چوہدری، ندیم ہارون خاں، حسن علی خاں، مقصود صابر انصاری، سید مظفر کاظمی ، چوہدری الیاس خاںسمیت سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندوں و صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابقہ وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری و پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹول پلازہ اور تھانے کے قریب ہمارے ساتھیوں کے قتل نے ثابت کر دیا ہے کہ جرائم پیشہ افراد بے خوف کاروائیاں کر رہے ہیں، پنجاب حکومت اپنے رویہ کو تبدیل کرے۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران قصور میں ہیبت نواز نیازی اور مسعود احمد بھٹی کا قتل انتہائی قابل افسوس و قابل مذمت ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ڈسٹرکٹ بار قصور کے سالانہ انتخابات میں نائب صدر سلیم فرخ کو کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات
مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی) ڈسٹرکٹ بار قصور کے سالالانہ انتخابات میں نائب صدر سلیم فرخ کو کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار قصور کے سالانہ انتخابات میں نائب صدر منتخب ہونے پر سلیم فرخ کویٰسین فرخ، قربان ڈوگر، بلال بشیر، محمد نواز نیشنل فلور مل والے، رفیق ساگر، محمد وقاص، سعید احمد بھٹی و صدر یونین آف جرنلسٹ محمد عمران سلفی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سلیم فرخ وکلا کی فلاح بہبود کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭