ہنگو (جیوڈیسک) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے رکن ڈاکٹر شاہد محمد نے ہنگو میں اعتزاز حسن شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے اہلکاروں نے اعتزاز کے والد مجاہد علی سے بھی تعزیت کی اور انہیں ان کے بیٹے کی شجاعت پر بہادری کے عالمی ایوارڈ سے نوازا۔
آج ہی انٹر نیشنل کمیونٹی کی جانب سے ایک وفد نے بھی ہنگو میں اعتزاز حسن کی قبر پر حاضری دی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے اعتزاز حسن نے گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی میں خود کش بمبار کو اسکول میں داخل ہونے سے روک کر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دو ہزار جانوں کو محفوظ بنایا تھا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اعتزاز حسن شہید کو ستارہ شجاعت دینے کے لئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری ارسال کی جس میں کہا گیا تھا کہ نویں جماعت کے طالب علم اعتزاز حسن نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اسکول کے اندر داخل ہونے سے روکا اور اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طالب علوں کی جان بچا کر حب الوطنی اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کی۔