حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر حسن اخلاق کو فروغ دیا جائے
Posted on January 13, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
لیہ (نامہ نگار) حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر حسن اخلاق، مساوات، بھائی چارے اور امن و آشتی کو فروغ دیا جائے علماء لوگوں میں ہم آہنگی پیداکرنے کیلئے مئوثر مقام رکھتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عہد کریں کہ شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے کیلئے متحد ہو کر محبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے جبکہ ضلعی پولیس کی طرف سے محافل اور جلوسوں کو بھرپور سیکورٹی دینے اور پرامن فضا کو قائم رکھنے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین نے دفترپولیس میں ممبران میلاد کمیٹی سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔
اس موقع پر سید ذوالقرنین ،واحد بخش باروی، محمد اشرف چشتی، طارق پہاڑ، مختارحسین قمر،حاجی جان محمد، طاہر علی ہاشمی ،حسن محمود عطاری، کوڑوخان، نوید رضاعطاری، محمد عارف عطاری، صاحبزادہ محسن رضا، محمد ابوبکر چشتی اورڈی ایس پی چوبارہ محمودشاہد سمیت دیگر پولیس افسران موجود تھے۔
ڈی پی او نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر مذہبی محافل میں تحمل ،بردباری کارویہ وقت کا تقاضا ہے امن و بھائی چارے کی فضاقائم کرنے کیلئے علماء اپنا کردار ادا کریں جبکہ محافل اور جلوسوں کو بھرپور سیکورٹی دینے کیلئے مئوثر سیکورٹی پلان ترتیب دیا جا چکا ہے جس کے مطابق ضلع ھٰذا میں ہونے والی 20 محافل اور 22 جلوسوں کے دوران 616 پولیس افسران و اہلکاران فرائض سر انجام دیں گے سیکورٹی انتظامات کو احسن طریقہ سے سرانجام دینے کیلئے ڈسٹرکٹ، تحصیل و تھانہ کی سطح پر قائم امن کمیٹی کے ممبران کے تعاون سے شہریوں کو پُرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
دیگر مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی ہم سب کی فلاح ہے نیز امن امان کی صورت حال کوقائم رکھنے کیلئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری محمد اسلم اور اعتزاز حسن کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خونی کی گئی۔