وکٹوں کے اعتبار سے سری لنکا کی پاکستان پر ریکارڈ فتح

Mahela Jayawardena

Mahela Jayawardena

دبئی (جیوڈیسک) سری لنکا نے شاندار کامیابی سے ریکارڈ بک کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا، پاکستان کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی۔

مصباح الحق الیون کو مسلسل دوسری مرتبہ دبئی میں ٹیسٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، مہیلا جے وردنے نے گیارہویں مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزازحاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، یہ اس کی باہمی طور پر کھیلے جانے والے 45 ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کے حساب سے سب سے بڑی فتح ہے، اس سے قبل دو مواقع پر آئی لینڈرز 8، 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر چکے ہیں۔

2004 میں سری لنکا نے فیصل آباد میں 201 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تب سے اب تک اس نے پاکستان سے اوے یا پھر نیوٹرل وینیوز پر دو ٹیسٹ ہارے اور پانچ ڈرا کیے ہیں۔ فروری 2009 کے بعد یہ سری لنکا کی ملک سے باہر کھیلے جانے والے 19 ٹیسٹ میچزمیں دوسری فتح ہے، اس دوران اسے 9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 8 ڈرا ہوئے۔ پاکستان کو دبئی میں مسلسل دوسری ٹیسٹ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے، اس سے قبل گذشتہ برس اکتوبر میں جنوبی افریقہ سے اننگز اور 92 رنز سے شکست ہوئی تھی، اس سے قبل گرین کیپس اس وینیوز پر چار میں سے تین ٹیسٹ جیت چکے تھے۔