جس معاشرے میں اچھے بھی بُرے بن جائیں

Terrorism

Terrorism

شدت پسندی اور دہشت گردی سے نجات کا واحد حل مذاکرات سے ممکن ہے جس معاشرے میں اچھے تو اچھا بن کر بُرائیوں میں لگ جائیں اور اِسی طرح جب بُرے بھی خود کو اچھا ظاہر کرنے، کہلوانے و سمجھنے اور زبردستی دھونس اور دھمکی سے پاک بازوں کو یہ سمجھانے لگیں کہ وہ بھی بُرے رہ کر اُن اچھوں کی طرح اچھا بن کر بُرے کام کریں گے، جیسا کہ گزشتہ 66 سالوں میں سِول اور آمر حکمرانوں نے ایوانوں میں بیٹھ کر کئے ہیں سو اِس لئے معاشرے کی باگ ڈور اِن کے بھی ہاتھ میں دے دی جائے، یوں وہ بھی مُلک اور معاشر ے کو اپنی مرض و منشا سے چلائیں گے، تو پھر ایسے میں لامحالہ مُلک و قوم اور معاشرے اور معاشروں میں بگاڑ کا پیدا ہونا لازمی ہو جاتا ہے، جبکہ موجودہ حالات میں ایساہی بدقسمتی سے ہمارے مُلک و قو م اور معاشرے میں زوروں سے ہونے لگاہے، اور ڈنکے کی چوٹ پر وہ سب کچھ ہو رہا ہے اور کیا جا رہا ہے، جس کا کبھی گمان بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔

اَب ایسے میں کوئی میری یہ بات تسلیم کرنے یا نہ کرے مگرآج حقیقت تو یہی ہے کہ میر ے معاشرے میں اچھے تو اچھا بن کر اور بُرے بھی اچھا ظاہر کر کے حکومتی رٹ کو چیلنچ کر رہے ہیں اور معاشرے میں دہشت گردی، قتل و غارت گری، بھتہ خوری، لوٹ مار، کرپشن اور ایسی بہت سی اخلاقی بُرائیوں کو جنم دینے اور پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں اَب کوئی ایسا ہے جو اِس سے انکار کر دے کہ ہمارے یہاں اچھوں کا ایک بڑا طبقہ ایسابھی موجود ہے جو اچھائی کا لبادہ اُوڑہ کر ایوانوں سے قانون اور آئین کی بالادستی اور احترام کی آڑ میں خودقانون کی دھجیاں بکھیر کر اتنا کچھ بُرا کر رہا ہے کہ ایک عام شہری کا اچھوں پر سے اعتماد و اعتبار ختم ہو گیا ہے۔ جبکہ معاشرے میں جوبُرے لوگ موجود ہیں وہ خود کو اچھا کہلوانے میں جنون کی حدتک پہنچ گئے ہیں، یوں بُروں نے اپنا آپ منوانے اور اپنے نظریات کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے شیطانیت کی اُس حدکو بھی عبور کر لہا ہے جِسے عبور کرنے کے لئے شیطان بھی سو بار سوچتا ہے اور سوچتا ہوگا۔

مگر یہ اعزاز ہمارے مُلک و قوم اور معاشرے کے اُن بُروں کو حاصل ہے، جو خود کو تسلیم کرانے کے لئے لوگوں میں فرقہ واریت، لسانیت اور تعصب کی آگ بھڑکا کر انسانوں کا گوشت چبا رہے ہیں اور معصوم اِنسانوں کا خون پی کر اپنی تسکین حاصل کر رہے ہیں، جیساکہ آج میرے مُلک و قوم اور معاشرے میں موجود اچھے تو اچھا بن کر اور بُرے لوگ بُرے بن کر انسانیت کے ساتھ کر رہے ہیں، یقینا ایسا تو شیطان بھی نہیں کرتا وگا۔

آج مجھے یہ لگتا ہے کہ جس مُلک و معاشرے میں ،میں رہ رہاہوں، اِس معاشرے کے ہر فردنے اپنے کر توتوں، اپنے قول وفعل اور اپنے عمل سے شیطان کی شیطانیت کو بھی مات دے دی ہے، اور اِس نے شیطان سے دوٹوک انداز سے یہ کہتے ہوئے معاہدہ بھی کرلیا ہے کہ استادِ شیطان المحترم مان لو کہ ہم تم سے بھی دوہاتھ آگے ہیں، تم ہمارے یہاں اپنا وقت بربادمت کیا کرو، یہی وقت تم کسی اور معاشرے اور مُلک میں لگادو، تو تمہارے عزائم کو تقویت ملے گی، اور تمہاری شیطانیت کا دائرہ کار بھی بڑھے گا، لہذا! تم ہمارے یہاں کسی بھی فرد کو بہکانے یا کسی بھی ایسے ویسے یاکیسے..؟ غلط کام کروانے کے لئے مت آیا کرو، اَب ہم خود یہ سارے کام تم سے اچھا کرنے لگے ہیں، اِس لئے تمہیں آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بلکہ تمہیں اگر کسی معاملے میں ہم سے مشورہ لینا ہو تو تم ہم سے کسی بھی وقت اور بغیر فیس کے لے لیا کرو۔

Pakistan

Pakistan

آج میرے مُلک اور معاشرے کے جن بُروں کے سر پر خود کو اچھا ببنے اور اپنا تشدد پسند نظریہ عوام الناس کے دماغوں میں ٹھو سانے اور دل کے خانوں میں تہہ درتہہ لگا کر بیٹھانے کا بھوت سوا رہے، وہ اسلام اور اسلام پسندی کی آڑمیں معصوم اور نہتے انسانوں کو مار کر اور اِن کے سروں کا مینار کھڑا کر کے اپنے وجود کا احساس دلانا چاہتے ہیں، اور جن سیکولر اور آزاد خیال اچھوں کایہ خیال یہ کہ وہ اپنی آزاد خیالی اور سیکولر پالیسیز کی بنیاد اور اغیار کی مدد اور تعاون سے اسلام پسندی کی اُوٹ میں شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا قلع قمع کر گے، تو ایسے میں اِن دونوں ضدیوں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ جب سے دنیا قائم ہوئی ہے، اِس کی تاریخ گواہ ہے کہ جتنی بھی جنگیں اور معرکے ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہوئے ہیں ، اِن سب کا نتیجہ طاقت سے نہیں نکلا ہے، اور کسی کو ضد اور ہٹ دھرمی کی بنیاد پر فتح حاصل نہیں ہوئی ہے، بالآخر ضدیوں اور ہٹ دھرموں نے صاف و شفاف اور نیک نیتی کی بنیاد پر قائم مذاکراتی عمل سے پُرامن طریقے سے اپنی اپنی کامیابی اور کامرانی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

لہذا آج بھی میرے مُلک اور معاشرے میں موجود سیکولر مائنڈڈ اور آزاد خیالی کے پرچم تلے جمع ہونے والے نام نہاد اچھوں اور اسلام پسندی کی آڑ میں شدت پسندی اور دہشت گردی سے معصوم اِنسانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنے والے بُروں کو بھی یہ چاہیئے کہ وہ درست اسلامی تعلیمات کا پرچار کریں کہ جس سے آزاد خیال اور سیکولر مائنڈڈ لوگوں کو اسلام کی اصل تعلیمات سے آگاہی حاصل ہو اور وہ اسلام کو سمجھنے لگیں اور پورے کے پورے اسلام میں داخل ہوجائیں نہ کہ اسلام پسند خود اسلامی تعلیمات سے بھٹک کر شدت پسندی اور دہشت گردی کا سہارا لیں اور اسلام اور اسلام پسندی کا منفی تاثر پیدا کریں اور اسلام اور اسلامی تعلیمات پر آزاد خیال اور سیکولر مائنڈڈ طبقے کی طرف سے انگلیاں اٹھانے کا موقع دیں، یوں میرے مُلک اور معاشرے میں اور ہٹ دھرمی کا بازار گرم رہے اور میرے مُلک کے معصوم اِنسانوں کا خون بہتا رہے، اِسے روکنے کے لئے آزاد خیالوں اور اسلام پسندوں کو اپنا احتساب کرنا ہوگا۔

Azam Azim Azam

Azam Azim Azam

تحریر: محمداعظم عظیم اعظم
azamazimazam@gmail.com
فون نمبر: 03312233463