بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ میں اپوزیشن کی طرف سے دارالحکومت بنکاک پر آج قبضہ کرنے کے اعلان کے بعد حالات سنگین ہو گئے۔ حکومت نے سیکورٹی کے لیے فوج سمیت ہزاروں اہلکار تعینات کر دیئے جبکہ مظاہرین کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر ڈیرے ڈال لیے۔
تھائی لینڈ کی اپوزیشن نے وزیر اعظم شینا وترا کے خلاف کمر کس لی۔ دارالحکومت بنکاک میں اتوار کو رات بھر سڑکوں پر جمع رہنے کے بعد لوگوں نے مختلف کاروباری مراکز، اسٹیشنز اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ڈیرے ڈال لئے ہیں۔
خراب حالات کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے دارالحکومت کے ایک سو چالیس اسکولز اور یونیورسٹیز کو بند کرا دیا ہے۔
حکومت نے امن وامان کے لیے دس ہزار پولیس اہلکار اور آٹھ ہزار فوجی جوان شہر کے مختلف حصوں میں تعینات کر دیئے ہیں۔
اپوزیشن نے وزیراعظم شینا وترا کے استعفے دو فروری کے عام انتخابات منسوخ کرنے اور عوامی کونسل کے قیام کا مطالبہ کر رکھا ہے۔