وزیراعظم کا دورہ بہاولپور، 12 افسروں پر کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

بہاولپور (جیوڈیسک) گزشتہ 9 جنوری کو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے یوتھ لون پروگرام کا آغاز بہاولپور سے کیا جسکی تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بغداد الجدید کیمپس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں دیگر مہمانوں کے علاوہ یوتھ لون کے چند درخواست گذاروں کو بھی مدعو کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ نے خرچ 10لاکھ روپے ادا کرنے کی بجائے نیشنل بنک حکام سے طلب کر لیئے جس کے انکار پر ضلعی انتظامیہ نے تھانہ بغداد الجدید میں مقدمہ نمبر 22/14بجرم 186/506 درج کرا دیا جس میں نیشنل بنک کے گروپ چیف شہزاد اختر شامی اور چیف HR ملک داﺅد سمیت دیگر 12 نامعلوم افسران شامل ہیں۔

مقدمہ میں ضلعی انتظامیہ نے ایک من گھڑت کہانی رچائی جس میں مقدمہ کے مدعی کالونی ہیڈ کلرک محمد صدیق اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر امجد بشیر نے مذکورہ افسران کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جانے سے روکا تو انہوں نے ہلہ گلہ کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس بناء پر انکے خلاف کارسرکار مداخلت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے جرم میں مقدمہ درج کرا دیا۔