سیٹ اپ بدلنے سے آپریشن کو نقصان پہنچ سکتا ہے: ڈی جی رینجرز

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ایس پی اور ایس ایس پی رینک کے افسروں کے تبادلوں کی اطلاعات پر رینجرز ہیڈ کوارٹر میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں تبادلوں کی صورت میں کراچی میں جاری آپریشن پر پڑنے والے اثرات اور ممکنہ نتائج پر غور کیا گیا۔

رینجرز حکام نے تبادلوں کی اطلاعات پر شدید برہمی اور تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیر منطقی قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اگر مشاورت کے بغیر تبادلے ہوئے تو کراچی آپریشن روکنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پولیس کے موجودہ سیٹ اپ میں تبدیلی سے کراچی آپریشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ پولیس کے موجودہ سیٹ اپ کو مزید ایک سال تک برقرار رکھا جائے۔

ڈی جی رینجرز نے امید ظاہر کی ہے کہ کراچی آپریشن اور پولیس افسروں کے تبادلوں کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایات کو مد نظر رکھا جائے گا۔ رینجرز حکام کی طرف سے تشویش کے اظہار پر سندھ حکومت کے ترجمان نے تبادلوں کی تردید کر دی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے افسروں کے تبادلوں کا کوئی بھی نوٹفیکشن جاری نہیں کیا گیا۔