سہولت بازاروں کا دائرہ کار بتدریج پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا
Posted on January 15, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور : کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول اور ضلعی حکومتوں کی کاوشوں سے صوبہ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے جو اطمینان کا باعث ہےـپنجاب کے تمام اضلاع کے بازاروں میں اشیائے خوردونوش حکومت کے طے کردہ نرخوں کے مطابق فروخت ہورہی ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے چھوٹے کاشتکاروں کو خصوسی پیکج دینے کی پالیسی پر تیزی سے کام جارہی ہےـ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاـ
اس موقع پر وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب اور تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران بلال یاسین نے کہا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی تھوک اور پرچون کی قیمتوں کے فرق کو بہت حد کم کردیا گیا ہےـ انہوں نے ہدایت کی کہ زائد منافع وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کا فائدہ کم آمدنی والے افراد کو ہورہاہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ مذبح خانوں کی ریگولیشن کے لئے موثر نظام بنا رہے ہیں اور غیر قانونی سلاٹر ہاوس کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے ـچیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی نے تمام متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی کہ وہ پولٹری کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیںـ
صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ حکومت نئی ایگریکلچر پالیسی تیار کر رہی ہے جس میں ماحول کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی جائے گی ـانہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح بھی ہمارے پیش نظر ہے، صارفین کو سستے داموں اشیائے خود و نوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ـ
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com