کراچی(جیوڈیسک) فلم اسٹار میرا کا کہنا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں اورغریبوں کے مفت علاج کے لیے اسپتال بنانا چاہتی ہیں۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران میرا نے اپنی نئی سائکو تھرلر فیچر فلم کی بھی تفصیلات بتائیں۔
کراچی پریس کلب میں آئیں میرا جی، کسی اسکینڈل پر وضاحت دینے نہیں بلکہ سبب تھا نئی فلم کی تشہیر اور اسپتال کیلئے چندہ مہم۔ میرا نے بتایا کہ ان کا اسپتال مکمل فلاحی ہوگا جہاں امریکی ٹیکنالوجی استعمال ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کی تعمیر میں مدد کے لیے وہ جلد وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات کریں گی۔ اپنی آنے والی فلم پر بات کرتے ہوئے لالی ووڈ کی اسکینڈل کوئن نے دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان کی پہلی سائیکو تھرلر فیچر فلم کی ہیروئن ہوں گی جسے دیکھ کر شائقین محسوس کریں گے کہ وہ کوئی انگلش مووی دیکھ رہے ہیں۔
میرا نے کہا کہ لوگ ان کے کام سے جلتے ہیں تبھی نت نئے اسکینڈل بنا دیتے ہیں۔ میرا کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے، یہ بات انہوں نے منفرد انداز میں گا کر کر کہی۔