مسعود احمد بھٹی کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، میاں محمود الرشید

مصطفی آباد/للیانی: مسعود احمد بھٹی کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، واقع کی پر زور مذمت و ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت امن ا مان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے۔

لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ عوام کو تحفظ فراہم نہ کرنے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کائی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ،ایم پی اے یٰسین راشد، ضلعی صدر ندیم ہارون خان ودیگر رہنمائوں نے چیئرمین تحریک انصاف خان کی خصوصی ہدایت پر مسعود احمد بھٹی ان کے ساتھیوں کے قتل پر نواحی گائوں ستوکی میں ورثہ سے اظہار تعزیتی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہنما تحریک انصاف مسعود احمد بھٹی سمیت پانچ افراد کا دن دہاڑے قتل انتظامیہ کے منہ پر تمانچہ ہے، اب ہر شخص خود کو غیر محفوظ تصور کر رہا ہے۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خود مسعود احمد بھٹی کے ورثہ سے اظہار تعزیتی کیلئے آئیں گے۔