بھل صفائی کے نام پر نہروں کی بندش پر کسانوں کا احتجاج

کروڑ لعل عیسن : نہروں کی بندش سے قیمتی فصلات کو نقصان کو اندیشہ ہے اور محکمہ انہار کے حکام بھل صفائی کے نام پر تمام نہروں کو بند کر کے کسانوں اور کاشتکاروں کے لیے نقصان اور پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔

مقامی زمینداروں ،کسانوں اور کاشتکاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے احتجاج اور مطالبہ کیا ہے کہ جس علاقہ میں بھل صفائی نہیں ہو رہی اس علاقہ کی نہروں کو بندنہ کیا جائے کیونکہ ڈیزل مہنگا ہونے کی وجہ سے کسانوں کی دسترس سے باہر ہے اور گندم جیسی قیمتی فصل کو پانی کی اشد ضرورت ہے۔

اس لیے جس علاقہ میں پختہ کھالہ یا پختہ نہریں موجود ہیں ان میں پانی چھوڑا جائے اور جس علاقہ میں بھل صفائی کی ضرورت نہ ہے اس علاقہ کی نہروں اور کھالہ جات کو بند نہ کیا جائے۔یونین کونسل چک نمبر 90/ML کے گرد و نواح کے علاقہ اور چک نمبر 95/ML ،چک نمبر96/ML اور چک نمبر92/TDA کے مقامی زمینداروں ملک محمد نذیر ، اللہ بخش جیٹھل ،چوہدری خضر حیات اور دوست محمد گوندل نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ انہار بھکر ڈویژن ہم کسانوں اور زمینداروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہیں ہم کئی بار حکام بالا سے اپیل بھی کر چکے ہیں لیکن پھر بھی ہمارے علاقہ میں سب سے پہلے نہریں اور کھالہ جات بند کر کے ہمیں معاشی نقصان سے دوچار کیا جاتا ہے اس لیے ہم تمام کسان ،کاشتکار ،زمیندار اور کھیت مزدور پر زور احتجاج کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پختہ نہروں اور پختہ کھالہ جات کو پانی بند نہ کیا جائے۔