اسلام آباد (جیوڈیسک) ایس ای سی پی نے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کیلیے ترمیم شدہ کوڈ آف کنڈکٹ متعارف کرا دیے۔ گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے دائرہ کار اور ان کی ذمے داریوں اور حدود کا جائزہ لینے کے لیے حکومت کی جانب سے ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان میں کام کرنے والی دونوں مقامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
جس نے ترقی یافتہ ممالک میں رائج قواعد اور مقامی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات مرتب کیں، کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے لیے رائج قواعد کو ازسرنو مرتب کرنے کی سفارش کی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔
ایس ای سی پی نے کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے اور ان پر ریگولیٹری نگرانی کو مزید موثر بنانے کے پیش نظر نیا کوڈ متعارف کیا ہے۔