سانحہ دولت پور میں جاں بحق ہونے والے طلباء سپرد خاک، ورثا غم سے نڈھال

Students Funeral Prayers

Students Funeral Prayers

نواب شاہ (جیوڈیسک) سانحہ دولت پور میں جاں بحق ہونے والے نجی سکول کے بچوں کو سپردخاک کر دیا گیا، ضلع بھر میں سکوت مرگ طاری، ہر چہرہ افسردہ ہر آنکھ اشکبار، نماز جنازہ میں ورثا کا غم بانٹنے کیلئے کوئی حکومتی شخصیت موجود نہیں تھی۔

سانحہ نواب شاہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو مقیم شاہ اور امین شاہ کے قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ورثا کا غم بانٹنے کیلئے کوئی حکومتی شخصیت موجود نہیں تھی۔ نماز جنازہ دولت پور کی مرکزی شاہراہ پر ادا کی گئی جس میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے عزیز و اقارب، دوستوں، اساتذہ کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب دولت پور کے نجی سکول کے بچے ربیع الاول کے حوالے سے کوئز مقابلے میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ قاضی احمد روڈ پر اوور ٹیکنگ کے دوران ان کی وین سامنے سے آنیوالے ڈمپر سے جا ٹکرائی۔

جاں بحق ہونے والے بچوں کے ورثا نے بتایا تمام بچے لائق اور پوزیشن ہولڈر تھے، دولت پور کی تو دولت ہی لٹ گئی۔