پشاور دنیا میں پولیو وائرس کا گڑھ ہے، عالمی ادارہ صحت

Polio Pakistan

Polio Pakistan

پشاور (جیوڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے پشاور کو دنیا بھر میں پولیو وائرس کا سب سے بڑا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2013 میں پاکستان میں پولیو کیسز میں 90 فی صد سے زائد کا تعلق پشاور سے تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق سال 2013 میں پاکستان میں 93 پولیو کیسز سامنے آئے، 83 کا تعلق پشاور سے تھا۔

گزشتہ برس افغانستان کے 13 پولیو کیسز سامنے آئے ان میں سے 12 کا جنیتاتی تعلق بھی پشاور کے خطرناک وائرس سے تھا۔

عالمی ادارہ صحت نے پشاور کے سیوریج کے پانی کے 86 نمونے حاصل کیے، 72 میں پولیو کا خطرناک وائرس پایا گیا۔

عالمی ادارہ صحت نے سفارش کی ہے کہ صوبائی حکومت پشاور میں بار بار انسداد پولیو مہم چلائے اور ان کی سخت مانیٹرنگ کی جائے تا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بچوں تک یہ خطرناک وائرس نہ پھیل سکے۔