ڈیرہ غازی خان: پنکچر لگانے والے نے سرائیکی اردو لغت تیار کرلی

Akbar Makhmoor

Akbar Makhmoor

ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان میں پنکچر لگانے والے محنت کش نیتیس سال کی لگاتار محنت سے ایک لاکھ سے زائد الفاظ پر مشتمل سرائیکی اردو لغت تیار کر کے شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔

سرائیکی خطے اور زبان سے محبت کرنے کے دعوے دار تو ہزاروں ہوں گے مگر عملی طور پر جو کردار پنکچر کی دکان پر کام کرنے والے اس 58 سالہ اکبر مخمور نے ادا کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، اکبر مخمور نے تیس سالہ شبانہ روز محنت کرکے سرائیکی اردو لغت تیار کی ہے۔

اکبر مخمور کا کہنا ہے کہ وہ پنکچر کی دکان پر محنت کر کے اپنے بچوں کے لئے روٹی کا انتظام کرتے ہیں اور باقی اور فارغ اوقات انہوں نے سرائیکی زبان کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے۔ یہی وجہ ہے انہوں نے ایک لاکھ سے زائد الفاظ پر مشتمل سرائیکی لغت تیار کی ہے۔

اکبر مخمور کا کہنا ہے کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ سرائیکی زبان میں دیگر زبانوں کی آمیزش تیزی سے بڑھتی جارہی ہے خصوصا شہری آبادی میں سرائیکی کے قدیم الفاظ نایاب ہونے لگے ہیں۔

انہوں نے اپنی مادری زبان کو اصل حالت میں زندہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور ڈکشنری میں نئے مستعمل الفاظ کے متبادل قدیم اور اصل سرائیکی الفاظ تلاش کرکے شامل کئے ہیں۔

اکبر مخمور کا کہنا ہے کہ سرائیکی زبان کے الفاظ اس کا قیمتی اثاثہ ہیں، ایک لاکھ پندرہ ہزار الفاظ پر مشتمل ڈکشنری کا مسودہ مکمل ہو چکا ہے، اب انہیں اس کو کتابی شکل دینے کیلئے حکومتی معاونت کی ضرورت ہے تا کہ اس خطے کے باسی اس سے استفادہ کرسکیں۔