علم خاص طبقے تک محدود ہو رہا ہے، ہم تعلیمی انقلاب برپا کرینگے، نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے مجھے بھی ملک میں کسی ایک جماعت کی واضح اکثریت نظر نہیں آرہی تھی لیکن عوام اور نوجوانوں کے ووٹوں سے کامیاب ہو کر مجھے بھی تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر حیرت ہوئی ہے۔

علم خاص طبقے تک محدود ہوتا جا رہا ہے، ہم ملک میں تعلیمی انقلاب برپا کرینگے۔ گزشتہ روز جی سی یونیورسٹی کے 12 ویں کانووکیشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم قوم اور نوجوانوں کو مایوس نہیں کرینگے۔ ماضی میں مراعات یافتہ طبقہ بنکوں سے کروڑوں، اربوں روپے لیکر انہیں معاف کراتا رہا لیکن ہم نے اس کلچر کو بدل دیا ہے اور اب قومی وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑنا ہوگا۔

بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے عوام اور نوجوانوں پر اعتماد نہیں کیا لیکن ہماری حکومت نوجوانوں پر اعتماد کر رہی ہے، اسی لئے نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے سے یوتھ لون پروگرام شروع کیا ہے جس میں خواتین کا بھی 50 فیصد حصہ ہے۔ میرا دل چاہتا ہے ایک لاکھ نہیں 5 لاکھ نوجوانوں کو لون پروگرام سے قرض دیا جائے اور انشااللہ ہر سال ایک لاکھ کا اضافہ ہو گا اور ہم اسے 10 لاکھ تک لیکر جائیں گے۔

نوجوان یہ مت سوچیں کہ ڈگری لینے کے بعد نوکری ہی کرنی ہے۔ اب نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بعد نوکریوں کیلئے لوگوں کے در پر حاضری نہیں دینا پڑیگی۔ وہ لون پروگرام سے اپنا سکول بنانے سمیت دیگر منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔ جی سی یونیورسٹی سے صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلی، گورنر، جج، جرنیل اور پارلیمنٹیرین بنے۔