لاہور (جیوڈیسک) لاہور اور گردو نواح میں دھند چھائی ہوئی ہے، حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ دھند کے باعث ٹریفک کے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 شدید زخمی ہو گئے۔
لاہورمیں دھند کے سبب حد نگاہ 20 سے 50 میٹر جبکہ ایئرپورٹ کے ارد گرد صفر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
8 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور دبئی سے آنے والی نجی ایئر لائن کی فلائٹ کو واپس دبئی بھجوا دیا گیا۔ دھند کے سبب پنڈی بھٹیاں سے لاہور تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد موٹروے کو ٹریفک کیلیے بند کر دیا گیا۔
شیخوپورہ سے لاہور موٹروے پر حدنگاہ 20 میٹررہ گئی جبکہ کوٹ مومن سے شیخوپورہ تک بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی موٹروے کا کہنا ہے کہ موٹروے پر دھند کے باعث ڈرائیور حضرات گاڑیاں احتیاط سے چلائیں۔ دوسری جانب لاہور شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مسلم ٹاوٴن کے قریب مسافر وین دھند کے باعث فٹ پاتھ پر چڑھ گئی جس سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔