سنندا کی موت کی وجہ خواب آور ادویات کی زیادہ مقدار ہو سکتی ہے، ڈاکٹر

Sunanda

Sunanda

نئی دہلی (جیوڈیسک) ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کی اہلیہ کی موت کی وجہ خواب آور دواوٴں کی زیادہ مقدار ہو سکتی ہے، حتمی جواب کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ خاتون صحافی مہر تارڑ کہتی ہیں سنندا بیمار تھیں اور شوہر سے لڑائی ہوئی تو اس سے ان کی محبت کی کہانی کا کیا تعلق؟

ڈاکٹروں نے ششی تھرور کی اہلیہ کی موت کو غیر طبعی قرار دے دیا ہے۔ بھارتی وزیر مملکت ششی تھرور کی اہلیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تو 2 دن میں آجائے گی مگر پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کو سنندا پشکر کے خون میں خواب آور ادویات کے نمونے ملے ہیں۔ جسے ان کی موت کی ممکنہ وجہ کہا جا رہا ہے۔ بھارتی یونین منسٹر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی پرسرار موت کی ممکنہ وجوہات سامنے آنے لگی ہیں۔

دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ڈاکٹروں نے سنندا پشکر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سنندا کی ہلاکت کے پیچھے خواب آور ادویات کا استعمال ہوسکتا ہے۔ہسپتال کے سینئر معالج ڈاکٹر سدھیر گپتا کا کہنا ہے کہ سنندا پشکر کے خون کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں تا کہ یہ جانا جاسکے کہ ان ادویات کے باعث کتنا زہر پھیلا۔

بھارتی وزیر کی بیوی کے جسم پر زخموں کے نشانات بھی ملے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی جان لیوا زخم نہیں تھا۔ ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق دلی پولیس کو بھی سنندا پشکر کے کمرے سے ان ادویات کے پیکٹس ملے ہیں جو عام طور پر ذہنی دباوٴ اور نیند کی کمی دور کرنے کیلیے استعمال کی جاتی ہیں۔ دوسری جانب خاتون صحافی مہر تارڑ نے کہا ہے کہ سنندا بیمار تھیں اور شوہر سے لڑائی ہوئی تو اس سے ان کی محبت کی کہانی کا کیا تعلق ہے۔