اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر، وزیر اعظم اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بنوں دھماکے کی مذمت کی گئی ہے، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ملکی قیادت فیصلہ کرے طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں؟ دیر کریں گے تو ملک کو ہی نقصان ہوگا۔
صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے بنوں میں فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دھماکوں کا مقصد ملکی دفاع کو کمزور کرنا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح فورسز کے جوان شہید ہوتے رہے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مایوسی بڑھے گی۔
صدر، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان جلد فیصلہ کریں کہ طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں، جتنی تاخیر کی جائے گی، ملک کو اتنا ہی نقصان ہوگا۔