خیبرپختونخواہ میں انتہائی ناقص کارکردگی کے باوجود وفاق میں حکومت مانگ رہے ہیں۔ عمران خان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہیے کہ حکومت، عزت اور سیاسی بصیرت بھیک میں نہیں ملتی، وہ خیبرپختونخواہ میں انتہائی ناقص کارکردگی کے باوجود وفاق میں حکومت مانگ رہے ہیں۔

ملک میں حالات جو بھی ہوں عمران خان پوائنٹ سکورنگ سے باز نہیں آتے۔ انہوں نے حالیہ پریس کانفرنس میں ایک طرف طالبان کے ساتھ مذاکرات پر زور دیا جبکہ دوسری طرف وہ دھاندلی کا شور مچار ہے ہیں۔

دھاندلی نہیں ہوئی مگر ہم نے کئی بار عمران خان کو ان کی تسلی کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا مگر وہ عدالت جانے کی بجائے مسلسل سڑک پر فیصلے کرنے کے درپے ہیں۔

کامران مائیکل نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت قیام امن کیلئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی خواہاں ہے، اس سلسلہ میں جمہوری قوتوں کو ضرور اعتماد میں لیا جائے گا۔