لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 111 سے کامیاب قرار دیئے گئے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ارمغان سبحانی کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی، ٹریبونل نے گزشتہ سماعتوں کے دوران سابق وزیر کو دو مرتبہ اپنا موقف پیش کرنے کے لئے طلب کیا لیکن وہ ٹریبونل میں پیش نہیں ہوئیں جس پر ٹریبونل نے ان پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں فردوس عاشق اعوان این اے 110 اور این اے 111 پر پیپلز پارٹی کی جانب سے حصہ لیا تاہم بعد میں انھوں نے مقامی طور پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت این اے 110 سے دستبرداری اختیار کرلی تھی لیکن اس کے باوجود وہ این اے 111 سے بھی ہار گئیں تھیں۔