نئی دلی (جیوڈیسک) آجکل بھارت میں عام آدمی پارٹی کا خوب چرچہ ہے۔ اسی پارٹی سے منتخب ہوئے دلی کے وزیراعلیٰ اپنا مطالبہ منوانے کیلیے سڑک پر بیٹھے اور پھر نیند آنے پر سو بھی گئے۔ دلی کی سخت سردی میں اپنا عالی شان وزیراعلیٰ ہاوس چھوڑ کر سڑک پر لیٹے کیجریاوال صاحب دراصل اپنے ہی شہر کی پولیس کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دلی پولیس کے 4 اہلکاروں نے ان کے وزیر قانون کی حکم عدولی کی اور جمعرات کی شب یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار نہیں کیا۔ کیجریاوال نے اپنے وزیر ٹرانسپورٹ کی پولیس کے ساتھ مدبھیڑ اور گرفتاری پر بھی سخت احتجاج کیا ہے۔
دلی کے اس دبنگ وزیراعلیٰ نے وزیر داخلہ سشیل کمار شندے پر زور دیا ہے کو وہ ان کے ان مطالبات فی الفور مانیں اور 4 پولیس اہلکاروں کو معطل اور ان کے گرفتار وزیر کو رہا کیا جائے۔ ورنہ ان کا احتجاج اور دفتری کام دونوں اس طرح سڑک پر بیٹھ یا لیٹ کر ہی چلیں گے۔ اسے انتخابی مہم کہیں؟ یا دلی پولیس کو اپنے ماتحت کر نے کا حربہ؟ ۔مخالفین کہتے ہیں معاملہ دھرنوں سے حل نہیں ہو گا۔