سوئٹزر لینڈ (جیوڈیسک) جنیوا ٹو کانفرنس کے نام سے ہونے والے بین الاقوامی امن مذاکرات کا مقصد شام میں تین سال سے جاری خانہ جنگی کا خاتمہ ہے۔ گزشتہ روز اختلافات کی شکار شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد نے بھی ان مذاکرات میں شریک ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
تاہم شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد نے ان مذاکرات میں ایران کی شرکت کی مخالفت کر دی ہے۔ اس اتحاد نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر کہا ہے کہ اگر جنیوا کانفرنس میں شرکت کے لیے ایران کو دیا گیا دعوت نامہ منسوخ نہ کیا گیا تو وہ اِس کانفرنس کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کر سکتا ہے۔
دریں اثناء امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ اگر ایران سابقہ جنیوا کانفرنس کے اعلامیے کی حمایت کھلے عام نہیں کرتا تو پھر دیا گیا دعوت نامہ کالعدم کرنا ضروری ہو جائے گا۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے دیا جانے والا دعوت نامہ قبول کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔