پانی کے کٹائو کی وجہ سے پانچ دھائیوں پرانے دیو قامت درخت جڑیں کھوکھلی ہونے کی وجہ سے نہر برد ہونے لگے

مصطفی آباد/للیانی: مصطفی آباد کینال کے کنارے پانی کے کٹائو کی وجہ سے پانچ دھائیوں پرانے دیو قامت درخت جڑیں کھوکھلی ہونے کی وجہ سے نہر برد ہونے لگے، اب تک بسیوں درخت نہر میں گھر چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے مصطفی آباد کینال کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے۔ جبکہ مصطفی آباد فیروز پور روڈ پل سے لیکر ڈگری کالج مصطفی آباد تک کا راستہ اس پانی کے کٹائو سے بلکل ختم ہو گیا ہے۔

پانچاس فٹ سے زیادہ چوڑی پٹڑی پانی کے کٹائو سے چند فٹ رہ گئی ہے۔جس کی وجہ سے کالج کے طلبہ اور راہ گیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ انہار اور محکمہ جنگلات اس ضمن میں کچھ کرنے کی بجائے گرے ہوئے درختوں کو فروخت کرکے دہاڑیاں لگانے میں مصروف ہیں۔

گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل خالد شریف نے کہا ہے اگر جلد از جلد نہر کا پشتہ پختہ نہ کیا گیا تو کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مصطفی آباد ڈگری کالج کی عمارت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔

انہوں نے محکمہ انہار کے اعلی افسران سمیت مقامی سیاسی رہنمائوں سے نہر کی پٹڑی کو جلد از جلد پختہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔