آخری موقع ہے، کراچی کے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں، شاہد حیات

Shahid Hayat

Shahid Hayat

کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا ہے کہ شہر کے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ تا ہم پولیس کسی بھی غیر معمولی واقعہ کو قبل از وقت ناکام بنانے کے لیے متحرک ہے۔

چوہدری اسلم کیس میں کچھ شواہد ملے ہیں اور پولیس اس پر انتہائی محتاط انداز میں تحقیقات کر رہی ہے، پولیس پر حملے ان کے حوصلے پست کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں جبکہ جیل پر بھی حملے کے خطرات موجود ہیں، آپریشن کا تیسرا مرحلہ انتہائی اہم ہے۔

گرفتار ٹارگٹ کلرز کے بیانات کی روشنی میں ان کو ہدایات دینے والوں کوبھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینٹرل پولیس آفس میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کو پولیس میں ملازمت کے تقررنامے تقسیم کیے جانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔

شاہد حیات نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے 75 پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں میں ابتدائی طور پر 16 افراد کو تقرر نامے دیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، انھوں نے کہا کہ آخری موقع ہے اگر صورتحال کو قابو نہیں کیا گیا تو کراچی شہر کے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں تاہم پولیس نہ صرف چوکس ہے بلکہ ملزمان کے خلاف بھرپورانداز میں متحرک ہے۔