سپریم کورٹ اوگرا کیس میں پیشرفت نہ ہونے پر برہم، چیئرمین نیب آج طلب

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے اوگرا کرپشن عملدرآمد کیس کے بارے میں نیب کی رپورٹ مسترد کر دی ہے اور چیئرمین نیب کو عملدرآمد نہ کرنے کی وضاحت کیلیے آج طلب کر لیا ہے۔
منگل کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دینے سے متعلق پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا کی استدعا مسترد کر دی۔

عدالت نے قرار دیا کہ نیب کو توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کر نے، توقیر صادق پر مقدمہ چلانے اور لوٹے گئے 82 ارب روپے وصول کر نے، کیس پر اثرانداز ہونے والے نیب افسران اور توقیر صادق کو بیرون ملک فرار کرانے والے افرادکا تعین کر نے کا حکم دیا گیا تھا۔

لیکن 2 سال اور 2 مہینے گزر نے کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے نیب اور عدالت 2 مخالف ادارے نہیں بلکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلیے دونوں کا مقصد ایک ہے، عدالت نہیں چاہتی کہ ملک لوٹنے والوں کو تحفظ ملے، انہیں ملک سے فرار کرایا جائے اور بدعنوانوں کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ کے احکام پامال کیے جائیں۔