ناصر عباس جعفری کی مستونگ میں زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت
Posted on January 22, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے مستونگ میں زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مستونگ میں ایک نہیں کئی واقعات ہونے کے باوجود حکومت اور سیکیورٹی کے اداروں نے مسلسل چشم پوشی کی جس کے باعث بیگناہوں کی قتل وغارت گری جاری ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک حکومت میں نام کی کوئی چیز نہیں، گذشتہ روز پشاور میں ممتاز شیعہ عالم دین ہاشم موسی کو شہید کردیا گیا اورآج مستونگ کا سانحہ دیکھنا پڑرہا ہے۔ ہم حکومت اور ریاستی اداروں سے سوال کرتے ہیں کہ آخر ان کا کوئی وجود بھی ہے یا نہیں،اگر وجود ہے تو اسے منوائیں کہ ہاں ہم وجود رکھتے ہیں، کیوں دہشتگرد کبھی بنوں ، کبھی آر اے بازاور آج مستونگ میں معصوم انسان کا خون بہائے جارہے ہیں جبکہ ان کے خلاف کوئی کارگر کارروائی نہیں کی جا رہی؟۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب ہونے والی کارروائی کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلحہ کی زبان سمجھتے ہیں ، لہٰذا فوجی آپریشن ہی اس کا واحد حل اور اس مسئلہ سے نجات کا راستہ ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com