تحریک انصاف کے رہنما سمیت پانچ افراد کے قتل پر خادم اعلی پنجاب کی پر اسرار خاموشی قابل مذمت ہے
Posted on January 22, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
مصطفی آباد/للیانی ( محمد عمران سلفی سے) تحریک انصاف کے رہنما سمیت پانچ افراد کے قتل پر خادم اعلی پنجاب کی پر اسرار خاموشی قابل مذمت ہے، غریبوں کے ہمدرد اور عوام کی بے لوث خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہنے والے انسان کو دن دہاڑے فیروز پور روڈ پر قتل کر دیا گیا، ملزمان نے پانچ افراد کو قتل کرکے ظلم کی انتہا کر دی جبکہ پنجاب پولیس ملزمان کو گرفتار نہ کرکے نا انصافی کی انتہا کر رہی ہے۔ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا، ورثہ کی پریس کانفرنس، تفصیلات کے مطابق دس روز قبل رہنما تحریک انصاف مسعود احمد بھٹی سمیت پانچ افراد کو دن دہاڑے فیروز پور روڈ پر قتل ہونے والوں کے ورثہ محمود بھٹی، عثمان بھٹی فاروق بھٹی، مسعود احمد بھٹی کے بیٹے احسن مسعود بھٹی، بیوی ودیگر عزیز و اقارب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسعود احمد بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو دن دہاڑے قتل کرکے انہیں عوام کی بے لوث خدمت کرنے کی سزا دی گئی۔ وہ ایک قد آور سیاسی شخصیت اورہر طبقہ فکر میں بے حد مقبول تھے، مسعود احمد بھٹی مظلوموں کا ساتھی تھا، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف مختلف مقامات پر پہنچ کر عوام کو انصاف فراہم کر رہے ہیں لیکن مسعود احمد بھٹی سمیت پانچ افراد کا لرزہ خیز قتل پر پر اسرار خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں تحریک انصاف کا رہنما ہونے کی سزا دی گئی۔
وزیر اعلی پنجاب واقع کو فوری نوٹس لیں اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے 1997کے سابقہ دور اقتدار میں سرجا بھٹی کے بھائی محمد علی بھٹی نے میاں شہباز شریف فیملی کے ایک شخص سے گاڑی چھین لی تھی جسے کراچی سے لا کر پولیس مقابلے میں قتل کر دیا گیا تھا جبکہ ہمیں ابھی تک انصاف نہیں مل رہا، پٹرولنگ پولیس کی چیک پوسٹ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر لاشوں کی بے حرمتی ہوتی رہی، ورثہ نیت الزام لگایا کہ سرجا بھٹی گروپ عالمی منشیات فروش اور علاقے کا رسہ گیر گروپ ہے اس گروپ کے خلاف 40 من کی منشیات کا مقدمہ درج ہوا تھا جس کی جعلی روب کار بنا کر یہ جیل سے رہا ہوئے تھے۔
مسعود احمد بھٹی کو سیکورٹی کے حوالے سے شدید خطرات لا حق تھے جس کا علم پولیس تھانہ مصطفی آباد کو تھا اس کے باوجود انہیں سیکورٹی نہ دی گئی۔ مسعود احمد بھٹی تحریک انصاف کے رہنما تھے جس کی وجہ سے تا حال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا ہمیں ایسے لگتا ہے کہ ہمیں تحریک انصاف کا ساتھی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ ہم وزیر اعلی پنجاب ، آئی جی پنجاب،ڈی آئی جی شیخوپورہ رینج ودیگراعلی حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com