مستونگ (جیوڈیسک) حملہ آوروں نے ہسپانوی سیاح کی سیکیورٹی پر تعینات لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کر کے 6 اہلکاروں کو شہید اور غیر ملکی سیاح سمیت 6 افراد کو زخمی کر دیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ شفقت شاہوانی کے مطابق حملے آوروں نے ہسپانوی سائیکلسٹ کی سیکیورٹی پر مامور لیویز موبائل پر نیشنل ہائی وے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 لیویز اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اورغیر ملکی سیاح سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
لیویز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ غیر ملکی سیاح سمیت تمام افراد کو کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔