فیصل آباد (جیوڈیسک) معروف عالم دین اور تبلیغی رہنما مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے سے انکار کر دیا۔ گزشتہ روز انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت فیصل آباد کی پولیو ٹیم نمبر پانچ یو سی 208 مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل کی رہائش گاہ 122 بی گلستان کالونی پہنچی۔
تاہم یوسف جمیل نے اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کر دیا ان کے انکار پر ٹیم نے اپنے افسران سے رابطہ کیا۔ بعدازاں محکمہ صحت کے متعدد افسران نے موقع پر پہنچ کر یوسف جمیل کو قائل کر نے کی کوشش کی مگر انھوں نے بات سننے سے بھی انکار کر دیا اسی دوران ٹیم کے ارکان نے یوسف جمیل کے ڈرائیور منیر احمد کی وساطت سے انھیں قطرے پلانے کے لیے راضی کر نے کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔
تاہم رات گئے ڈی ایچ او رانا لیاقت علی نے یوسف جمیل کو بچوں کو قطرے پلانے پر راضی کر لیا جس پر ٹیم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیے۔