کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم کو بلدیاتی اداروں اور ملازمین کے ذریعے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد جتنا روکنے کی کوشش کریں گے اتنا ہی حکومت انسداد پولیو مہم تیز کریگی۔ بدھ کو اپنے دفتر میں سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری صحت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کے تعلقہ، کونسل، یونین کونسلز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور لوکل گورنمنٹ وزارت کے ذیلی اداروں میں ہنگامی بنیاد پر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی مہم شروع کی جائے۔
شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری صحت کو ہدایت دی کہ وہ پولیو ویکیسن کے قطرے پلانے کی مہم کو گلی گلی اور محلہ محلہ تک پھیلانے کے لیے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے۔