کشمور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی یقین دہانی کے باوجود شاہ زین بگٹی نے انڈس ہائی وے کو نہیں کھولا۔ سید خورشید شاہ نے شام کو انڈس ہائی وے پر ڈیرہ موڑ پر شاہ زین بگٹی سے ملاقات کی جس میں شاہ زین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ چھ روز بعد وہ انہیں لے کر ڈیرہ بگٹی جائیں گے تاہم اس دوران وہ اپنا احتجاج جاری رکھ سکتے ہیں لیکن سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیں۔
سید خورشید شاہ نے شاہ زین کو بتایا کہ حکومت سندھ کی طرف سے وہ ان کے کارواں کے لیے خیمہ بستی کا انتظام کریں گے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ شاہ زین سندھ میں ان کے مہمان ہیں وہ ان کو یہاں سے زبردستی نہیں اٹھائیں گے تاہم وہ عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک کے لیے روڈ کو کھول دیں۔
خورشید شاہ کے جانے کے بعد شاہ زین بگٹی نے سڑک کھولنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک خیمہ بستی انتظام نہیں ہو جاتا اس وقت تک روڈ کو ٹریفک کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔