اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے احکام پر پاکستان ریلوے نے اسلام آباد سے مری اور مری سے مظفرآباد تک ٹرین چلانے کے منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے پلاننگ کمیشن سے فنڈزکی فراہمی کے لیے سمری بھجوا دی ہے۔
منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے 3 کروڑ کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پلاننگ کمیشن سے فنڈز کی دستیابی کے بعد ریلوے ٹریک بچھانے کا سروے شروع کردیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے شعبہ انجینئرنگ اورچائنا کے ماہرین ٹریک کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کریں گے۔ وزیراعظم نے اسلام آبادسے مظفرآباد تک ریلوے ٹریک بچھانے کے لیے 3 پلان بنانے کی ہدایت کی تھی جس میں ایک اسلام آبادسے مری اورمری سے مظفرآباد، دوسرا حویلیاں سے گڑھی حبیب اللہ اور گڑھی حبیب اللہ سے مظفرآباد ریلوے ٹریک، تیسرا ہری پور سے تربیلہ ڈیم کے ساتھ گڑھی حبیب اللہ اورگڑھی حبیب اللہ سے مظفرآباد تک ریلوے ٹریک بچھانے کا منصوبہ شامل ہے۔