کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں، بھتہ خوروں، اغوا کاروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد کراچی میں تجارتی سرمایہ کاری اور اسٹاک ایکسچینج میں بہتری اس بات کی دلیل ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن سے حاصل کی گئی کامیابیوں کے نتیجے میں لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات کے سبب تمام جلد کراچی جرائم سے پاک شہر بن جائے گا اور شہر کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی۔ جمعے کو وزیراعلیٰ ہائوس میں نیدرلینڈ کے سفیر مارسل ڈی ونک سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس وقت امن امان کی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہے۔
ٹارگٹڈ آپریشن کی غیر معمولی کامیابی کا نتیجہ ہے، ملکی اور غیر ملکی تاجر و سرمایہ کار تجارتی مقاصد کے لیے یہاں آر ہے ہیں اور شہر میں تجارت اور سرمایہ کاری میں کافی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی پالیسی کی منتظر ہے جس کا تھوڑے وقت میں اعلان ہونا ہے جس کے بعد اس سیکیورٹی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کر کے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز و سخت کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم مزید انسانی جانوں کے زیاں کے متحمل نہیں ہو سکتے، عوام کی جان و مال، املاک کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔