نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان تیسرا ون ڈے برابر ہو گیا

New Zealand, India

New Zealand, India

آکلینڈ (جیوڈیسک) آکلینڈ میں کھیلا جانے والا نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ ٹائی ہو گیا ہے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پوری ٹیم آخری اوور میں 314 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس کے جواب میں بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز ہی بنائے۔

ایک موقع پر بھارت کی چھ وکٹیں صرف 184 رنز پر گر چکی تھیں اور یوں لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ باآسانی یہ میچ جیت جائے گا تاہم اس وقت رویندر جدیجا اور روی چندرن ایشون کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ان دونوں کے درمیان 85 رنز کی شراکت ہوئی اور جدیجا نے 66 اور ایشون نے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔

بھارت کے کپتان دھونی نے بھی نصف سنچری بنائی۔نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات اوپنر مارٹن گپتل اور کین ولیمسن کی عمدہ بلے بازی تھی۔ گپتل نے شاندار سنچری بناتے ہوئے 111 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ولیمسن نے اس سیریز میں لگاتار تیسری مرتبہ نصف سنچری بنائی۔

وہ 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان دونوں کے علاوہ لوئر آرڈی میں وکٹ کیپر رونچی اور ٹم ساؤدی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ بھارت کی جانب سے رویندر جدیجہ اور محمد شامی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے اور یہ میچ ٹائی ہونے سے سیریز میں بھارت کی فتح کے امکانات ختم ہو گئے ہیں اور وہ اب باقی دو میچ جیت کر سیریز برابر ہی کر سکتا ہے۔

نیپیئر میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 24 رنز سے جبکہ ہیملٹن میں بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ میچ میں ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت 15 رنز سے ہرایا تھا۔