اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی سلامتی وخارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز امریکا روانہ ہو گئے، خواجہ آصف بھی ہمراہ ہیں، 27 جنوری کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات ہو گی۔
پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق 27 جنوری سے پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات واشنگٹن میں شروع ہورہے ہیں، ان مذاکرات میں سرتاج عزیز پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، سرتاج عزیز امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات بھی کریں گے، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کو وسعت دینے سے متعلق معاملات پر غور کیا جائے گا۔
بات چیت میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہونیوالی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مواقعوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی، اعلامیہ کے مطابق سرتاج عزیز اور جان کیری کی ملاقات کے دوران میڈیا کو ابتدائی بات چیت تک رسائی دی جائے گی۔