سندھ میں بجلی کے منصوبوں میں وفاقی ادارے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھرکول سمیت سندھ میں بجلی پیدا کرنے کے دیگر منصوبوں کی راہ میں وفاقی ادارے رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں، وفاقی حکومت ان رکاوٹوں کودور کرنے میں ہماری مدد کرے۔

کراچی میں’’توانائی میں خود کفالت، تھرکول کی تیز تر ترقی اور پاور پروجیکٹس کی تنصیب‘‘ کے موضوع پر 2 روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کے کوئلے کی ترقی پاکستان کا اہم ایشو ہے، 2008 سے پہلے یہ تنازع موجود تھا کہ کوئلہ وفاق کی ملکیت ہے یاصوبوں کی، پیپلزپارٹی کی حکومت نے یہ تنازع ہمیشہ کیلیے طے کرا دیا۔

اب یہ بات واضح ہے کہ کوئلہ سندھ کی ملکیت ہے، 1971 کی پاک بھارت جنگ میں تھر کا یہ علاقہ بھارت کے قبضے میں چلا گیا تھا جہاں کوئلے کے ذخائر ہیں اور ہمارے 90 ہزار فوجی بھی بھارت کی قیدمیں چلے گئے تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی سے بات کرکے یہ علاقہ واپس لیا، یہ اب ہمیں توانائی فراہم کرے گی اور یہاں سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔