لاہور (جیوڈیسک) بھارت کی فلم سٹی ممبئی سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ سمیتا رائے نے کہا ہے کہ دو سال قبل ماہ رمضان میں قرآن پاک کا مطالعہ کیا جس سے ملنے والے پیغام کے مطابق اگر زندگی بسر کی جائے تو انسان بہت پرسکون زندگی گزار سکتا ہے۔
یہاں آنے سے قبل مجھے ڈرایا جاتا تھا کہ یہاں دہشتگردی اور قتل وغارت ہے لیکن مجھے تو ایسا کچھ نظر نہیں آیا بلکہ پاکستان تو امن پسند لوگوں کا ملک ہے، اسلام آباد دیکھ کر مجھے لگا کہ چندی گڑھ میں گھوم رہی ہوں جب کہ لاہور بالکل دہلی جیسا لگتا ہے، لاہور میں بادشاہی مسجد میں گئی جہاں پر جمعہ کی نماز بھی ادا کی اور یہ بہت تجربہ بہت اچھا لگا، اس کے پاس واقع گردوارہ میں جانے کی اجازت نہ مل سکی۔
یہاں تاریخی ورثہ کو محفوظ دیکھ کر بہت اچھا لگا، کھانوں کی تعریف تو سن رکھی تھی لیکن جب میرے میزبان پروڈیوسر یامین ملک نے پالک گوشت کھلایا تو پھر اپنے پسندیدہ چکن کو ہاتھ تک نہیں لگایا، اس کے علاوہ حلیم بھی بہت لذیز تھا۔ اندرون شہرکی سیر کی تو لوگ بہت چاہت اور اپنائیت سے ملے، یہ لمحات مجھے ہمیشہ یاد رہیں گے۔