کراچی: لانڈھی، قیوم آباد اور قائد آباد میں آپریشن، درجنوں گرفتار، اسلحہ برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے قائد آباد کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں، پولیس موبائل پر حملوں کے بعد پولیس نے بھی لانڈھی کورنگی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی انٹیلی جنس پر رینجرز نے قائد آباد اور ملیرندی کے اطراف کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کی، علاقے کو چاروں طرف سے رینجرز اہل کاروں نے گھیرے میں لیا، ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا خود کار رائفل اور دستی بموں سمیت مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے۔

رینجرز حکام کے مطابق ملزمان نے اس علاقے میں ٹھکانہ قائم کیا ہوا تھا جہاں سے نکل کر وہ کارروائیاں کر تے تھے۔ اس سے پہلے ٹارگٹ کلرز اور امن دشمنوں کی تلاش میں لانڈھی اور قیوم آباد کے علاقوں میں پولیس نے آپریشن کیا۔ یہ کارروائی لانڈھی میں گزشتہ شب پولیس پر حملوں میں 6 اہل کاروں کے جاں بحق ہونے کے بعد کیا گیا۔ لانڈھی نمبر 4، نمبر 6 اور لانڈھی 89 میں سرچ آپریشن کے دوران 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں سے 2 افراد کے پاس سے اسلحہ بھی ملا۔

دوسرا پولیس آپریشن قیوم آباد کے ڈی ایریا میں میں کیا گیا جس کے دوران کالعدم تنظیم سے وابستہ بعض مبینہ ملزمان سمیت 42 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیر حراست افراد میں سے تین کے پاس سے ہتھیار ملے ہیں۔