مذاکرات یا آپریشن؟ حکومت پوزیشن واضح کرے، طالبان، آج غور کرینگے، وزیر اطلاعات

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک طالبان پاکستان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ بامعنی، پائیدار اور سنجیدہ مذاکرات کیلیے تیار ہیں اگر حکومت سنجیدہ ہے تو پوزیشن واضح کرے، ساز گار ماحول فراہم کرنا ہمارا نہیں حکومت کا کام ہے۔

بی بی سی کے مطابق اتوار کو طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے طالبان نے بارہا یہ واضح کر نے کی کوشش کی ہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان بامعنی، پائیدار اور سنجیدہ مذاکرات کیلیے ہمیشہ تیار ہے، طالبان کے پاس مولانا سمیع الحق کے قاصد سمیت جتنے بھی امن کے خواہاں وفود آئے، انہیں مثبت اور حوصلہ افزا جواب دیا جبکہ حکومت کی طرف سے صرف میڈیا پر بیان بازی ہوتی رہی ہے تاکہ عوام کو مغالطے میں ڈال کر حقیقت سے گمراہ کیا جاتا رہے۔

حکومت مذاکرات سے متعلق پروپیگنڈے اور دھمکی کی سیاست کر رہی ہے، حکومتی میڈیا نے مذاکرات کے حوالے سے تحریک طالبان کے رویے سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈے کیے، الزام تراشیوں اورخود ساختہ انکار کے بعد ایک بار پھر قبائلی عوام پر جنگ مسلط کر نے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، یہ ایک جنگی چال اور امریکہ کو خوش کرنے کا آسان طریقہ ہے۔