اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں امن و امان کے لئے کئے جانے والے آپریشن پر مکمل تعاون نہیں کررہی۔
وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کان نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رینجرز اور خفیہ اداروں کی معلومات کی بنیاد پر کراچی میں کامیابیاں مل رہی ہیں، پولیس اور رینجرز نے سکیڑوں لوگوں کو گرفتار کیا لیکن کارروائی کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون نہیں مل رہا۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ موجودہ حکومت طالبان سے مذاکرات کے لئے انتہائی نیک نیتی سے آگے بڑھ رہی تھی مگر پھر کسی نہ کسی طرح ایسے حالات پیدا ہوگئے کہ مذاکرات کا راستہ رک گیا، طالبان کی جانب سے مذاکرات کا عندیہ دیا گیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کی اس پیشکش کا مقصد وقت گزارنا ہے یا وہ کوئی نئی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں اس سلسلے میں صورتحال جلد واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی ہے یا مذاکرات اس حوالے سے وزیر اعظم جو بھی حکم دیں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔